کراچی: سابق گورنر سندھ ممتازعلی بھٹو کراچی میں انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کی اہم سیاسی شخصیت سردار ممتاز علی بھٹو انتقال کرگئے، طبیعت ناسازی کے باعث وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
اہل خانہ کے مطابق ممتاز علی بھٹو کی عمر اٹھاسی سال تھی، وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔
ممتاز بھٹو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے کزن اور شہید بے نظیر بھٹو کے چچا تھے، وہ سابق گورنر سندھ اور وزیراعلٰی سندھ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
ممتاز بھٹو 1967سے 1988 تک پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، بعد ازاں ممتاز بھٹو نے سندھ نیشنل فرنٹ کے نام سے اپنی سیاسی جماعت بنائی اور پھر 2017 میں ممتاز بھٹو نے اپنی سیاسی جماعت کو تحریک انصاف میں ضم کر دیا تھا۔
وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر سیاستدان ممتازبھٹو کےانتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سردار ممتاز علی بھٹو کی رحلت کی اطلاع پا کر افسردہ ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
Saddened to hear of the passing of Sardar Mumtaz Ali Bhutto. My condolences and prayers go to his family.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 18, 2021
گورنر سندھ کی جانب سے بھی ممتازعلی بھٹو کےانتقال پر اظہار افسوس کیا گیا ہے، عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ممتاز علی بھٹو شفیق، ہمدرد اورملنسار شخصیت کےمالک تھے، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے بھی سابق گورنر سندھ ممتازبھٹو کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیرداخلہ نے ممتازبھٹو کےاہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحوم ممتاز بھٹو کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔