پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کو سالوں بعد ان کا حق مل گیا اور چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے انہیں رکی ہوئی پنشن کا چیک دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر سرفراز نواز کی برسوں بعد سن لی گئی اور پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے انہیں 2017 سے رُکی ہوئی پنشن کا چیک دے دیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے لاہور میں چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی سے ملاقات کی جہاں انہیں ان کے بقایاجات کا چیک دیا گیا۔
اس موقع پر سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ 6 سال بعد ذکا اشرف سمیت دیگر بورڈ آفیشلز سے ملاقات ہوئی ہے اور میں اپنے رکے ہوئے واجبات کا چیک ملنے پر ان کا مشکور ہوں۔
واضح رہے کہ سرفراز نواز سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت کئی حکام سے اپنی پنشن اور واجبات کی ادائیگی کی درخواستیں کرتے رہے ہیں۔
پی سی بی میں انتظامی تبدیلی کے بعد حال ہی میں سابق کرکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو فاسٹ بولرز کی بلا معاوضہ کوچنگ کی پیشکش کرتے ہوئے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ وہ گھٹنوں کی انجری کے بعد رواں سال انگلینڈ سے پاکستان آئیں گے۔
چیئرمین ذکا اشرف کے نام خط میں انہوں نے تین ہفتےکے لیے اپنی دستیابی سے آگاہ کیا تھا۔