کراچی : شہر قائد میں موٹر سائیکل اور کار چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد بھی اپنی گاڑی سے محروم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی گاڑی گلستان جوہر بلاک 18 میں گھر کے باہر سے چوری ہوگئی، اس حوالے سے توصیف احمد نے اے آر وائی نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میری سوزوکی کلٹس زیڈ -5404 شام پانچ بجے گھر کے باہر سے چوری ہوئی، گاڑی کی چوری کی رپورٹ تھانہ شارع فیصل میں درج کرادی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بتایا کہ دو گاڑیوں میں مسلح افراد آئے اور تالا توڑ کر گاڑی لے گئے، کئی مرتبہ کالونی کی یونین کو مشکوک سرگرمیوں سے آگاہ کرچکے ہیں، تمام حالات اور صورتحال جاننے کے باوجود سیکورٹی کے مناسب انتظامات نہیں ہیں۔
توصیف احمد نے کہا کہ رات دیر تک کالونی کے اندر اور اطراف مشکوک لوگوں کی آمد و رفت رہتی ہے، آج میرے ساتھ یہ واقعہ ہوا ہے کل کسی اور کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، پولیس والوں نے کچا پرچا کاٹا ہے لیکن کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔
اس حوالے سے اہل علاقہ نے کہا کہ یہ کالونی اب لوگوں کیلئے رہنے کے قابل دکھائی نہیں دیتی، یونین کو 54 گھروں سے مینٹیننس کیلئے دو ہزار روپے فی گھر ادائیگی کی جاتی ہے، یہاں آس پاس سی سی ٹی وی کیمرہ بھی نہیں جس سے ملزمان پکڑے جاسکیں۔