سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد 2024 کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان فلوریڈا میں اپنی رہائشگاہ مارا لاگو میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 2020 کا الیکشن دھاندلی کے ذریعے چوری کیا گیا تھا۔ وہ امریکا کو دوبارہ عظیم اور شاندار بنانے کے لیے دو سال بعد ہونے والا صدارتی الیکشن لڑیں گے۔
دوسری جانب ٹرمپ کے 2024 کے الیکشن لڑنے کے اعلان پر امریکی صدر جو بائیڈن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر نے امریکا کو ناکام کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا میں 8 نومبر کو ہونے والے مڈٹرم الیکشن میں ریپبلکنز ایوان کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے ایک ووٹ کی دوری پر ہے۔ اب تک کے آنے والے نتائج کے مطابق ریپبلکنز کی217 جب کہ ڈیموکریٹس کی 209 نشستیں ہیں اور ابھی 9 نشستوں کے نتائج کا انتظار ہے۔
ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں ریپبلکنز پر صرف ایک ووٹ سے برتری حاصل ہے۔