وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں 300 بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ سعودی جرمن اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتر جی گروپ کے سربراہ صو بھی بتر جی کے ساتھ بٹن دبا کر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سعودی جرمن اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
لاہور اسمارٹ سٹی میں بننے والے 300 بستروں پر مشتمل اس اسپتال کی تعیمر پر 250 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔
سعودی جرمن اسپتال دنیا بھر جدید طبی ٹیکنالوجی اور معیاری علاج کیلیے نمایاں ہے اور اب یہ پنجاب بھر کے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔
اسپتال کو جدید میڈیکل ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار سے آراستہ کیا جائے گا۔ لاہور اسمارٹ سٹی میں قائم سعودی جرمن اسپتال سے روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی جرمن اسپتال صحت عامہ میں بہتری اور فلاحی معاشرے کیلیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پنجاب کا پورا ہیلتھ سسٹم بدلنا اور بہتر کرنا چاہتی ہیں۔ ہیلتھ سسٹم میں بہتری کیلیے نجی شعبے کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی جرمن اسپتال نیٹ ورک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، مراکش اور یمن میں کامیابی سے خدمات فراہم کر رہا ہے۔