سوات: وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے سوات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور پیڈز اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق سوات ایک بڑے تعلیمی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، یہ منصوبہ 3 سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔
یونیورسٹی آف نجینئرنگ میں یکم جون 2023 تک کلاسز کا آغاز متوقع ہے، تاہم ابتدائی طور پر یونیورسٹی میں سول انجینئرنگ، ہائیڈرو پاور انجینئرنگ، بائیو میڈیکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ کے شعبے قائم کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی میں کلائمٹ چینج سینٹر کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف مینوفیکچرنگ بھی قائم ہوگا، یہ یونیورسٹی مرکزی کیمپیس اور 3 سب کیمپیسز پر مشتمل ہوگی۔
300 بستروں پر مشتمل پیڈز اسپتال کا منصوبہ جون 2024 میں مکمل ہوگا، پیڈز اسپتال مین بلڈنگ کے علاوہ ڈاکٹر، نرسنگ ہاسٹل و دیگر انفرااسٹرکچر پر مشتمل ہوگا۔
اسپتال او پی ڈی، ریڈیالوجی، پیتھالجی، پیڈیاٹرک سرجری کے علاوہ امراض اطفال پر مشتمل ہوگا۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ کے پی نے ریسکیو 1122 اسٹیشن کبل کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا 70 سال میں عمران خان نے پہلی بار سوات کو وزارتِ اعلیٰ کا عہدہ دیا، مینگورہ سٹی کے لیے پینے کے پانی کا 12 ارب روپے سے زائد کا منصوبہ منظور ہوگیا ہے، یہ منصوبہ اگلے 50 سال تک مینگورہ کے پینے کے پانی کی ضروریات پوری کرے گا۔