بانی پی ٹی آئی کو بڑا ریلیف مل گیا اور عدالت نے انہیں دو تھانوں میں درج مختلف مقدمات سے بری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کوہسار میں درج مقدمے سے بری کر دیا ہے۔
سیشن عدالت نے مذکورہ کیس میں سینیئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، فیصل جاوید، قاسم سوری، علی نواز اعوان اور راجا خرم نواز کو بھی بری کر دیا ہے۔
عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ ان درخواستوں پر وکیل نعیم پنجوتھا اور سردار مصروف نے دلائل دیے تھے۔
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمات سے بھی بری کر دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بریت کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے علاوہ فیصل جاوید، علی نواز اعوان، سیف اللہ نیازی، زرتاج گل اور اسد عمر کو بھی بری کر دیا ہے