راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے کہا ہے کہ ہم حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ ہم حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے، یہ ملکی ایشو ہے اور ملک کی خاطر اس اے پی سی میں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ طالبان کیخلاف آپریشن کریں گے تو وہ بھاگ کر افغانستان کے اندر چلے جائیں گے، جب تک افغانستان سے تعاون نہیں ملے گا آپ آپریشن میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے اندر ہونے والی اختلافات سے متعلق کہا کہ کل مجھے اپنی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ملاقات ہوتی تو میں ان کے اختلافات ختم کرادیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قائدین کو پیغام دے رہا ہوں کہ اختلافات عوام میں لے کر نہ جائیں، آپ اختلافات عوام میں لے جائیں گے تو اصل مقصد سے ہٹ جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ بھوک ہڑتال پر مشاورت کر رہا ہوں انصاف نہ ملا تو بھوک ہڑتال کروں گا۔