ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے، ڈاکو شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے بسم اللہ چوک کے قریب شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے پولیس نے تعاقب کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں چاروں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان نے مخدوم رشید کے علاقے میں 5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی شب ایک مکان میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے زیادتی اور اس کی ماں کو گلا دبا کر قتل بھی کیا تھا۔
آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز خان نے آر پی او اور سی پی او ملتان کی رپورٹ طلب کی تھی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 3 ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں تھیں۔
فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ‘ 2 ملزمان ہلاک
اس سے قبل رواں سال یکم جولائی کو صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں انسداد دہشت گردی فورس(سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کیے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے اسلحہ، بارودی مواد اور نقشے برآمد ہوئے، ہلاک دہشت گردوں میں طیب، بلال اور نادر شامل ہیں۔ تینوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ اور ریڈ بک میں شامل تھے۔