بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بستی میں مسلم خاتون نے سڑک پر آدھے گھنٹے سے بے یار و مددگار تڑپتے رہے 4 زخمیوں کی جان بچا لی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بستی میں دو کاروں میں تصادم کے باعث چار افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
سڑک حادثہ منڈیرا کے علاقے میں کھجولا چوکی کے ناہ 28 کے قریب پیش آیا۔ زخمی افراد گورکھپور سے ایودھیا جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی کار مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار سے جا ٹکرائی۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم خاتون کو ’جے شری رام‘ کا نعرہ نہ لگانے پر کھانا دینے سے انکار کر دیا گیا
تصادم اس قدر شدید تھا کہ مسافر اپنی کاروں سے اڑ کر سڑک پر آ گرے۔ سڑک سنسان ہونے کے باعث زخمی آدھے گھنٹے تک زمین پر بے یار و مددگار تڑپتے رہے اور کوئی انہیں اسپتال منتقل کرنے والا نہیں تھا۔
اس دوران ممبئی سے آنے والی مسلم خاتون زینب کا گزر اس سڑک سے ہوا جہاں انہوں نے زخمیوں کو دیکھتے ہی پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی جبکہ موقع پر ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپلوڈ کر دی جس سے مقامی انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی۔
پولیس اور ایمبولینس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگر زخمیوں کو اسپتال لانے میں مزیر تاخیر ہوتی تو ان کی جان جا سکتی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں نے اب تک کوئی شکایت نہیں درج نہیں کروائی، تحقیقات سے پتا چلا کہ حادثہ کاروں میں تصادم کے باعث پیش آیا۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اگر زخمیوں کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔