کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری میں سرچ آپریشن کے دوران بابا لاڈلہ گروپ کے 4 اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان سے اسلحہ، دستی بم اور منشیات برآمد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران احمد شاہ بخاری، عید العین اور رانگی واڑہ میں گھر گھر تلاشی کی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران بابا لاڈلہ گروپ کے 4 اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان میں لاگو عرف ملا، ارشد سنہارا، پکھیا بلوچ اور کوڈو شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ، دستی بم اور منشیات برآمد کی گئی۔ ملزمان کو چاکیواڑہ اور بغدادی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
کراچی کے ہی علاقے بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار ملزم مارا گیا۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کالا خان میں سرچ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اہلکار شامل تھے۔ اس دوران گھر گھر جا کر تلاشی لی گئی۔
جہانیاں میں بھی پولیس نے ٹھٹہ صادق آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 28 گھروں کی تلاشی اور 56 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔
تلاشی کے دوران ایک اشتہاری سمیت 6 مشتبہ افراد کو زیر حراست لیا گیا۔ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد ہوا جس کے بعد اس پر مقدمات درج کردیے گئے۔