اسلام آباد : وزارت دفاع نے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے لئے 4 نام تجویز کردیئے اور سمری وزیراعظم آفس بھجوادی ہے ، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا مضبوط امیدوار ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے معاملے پر وزارت دفاع کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے ، ذرائع وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سمری میں 4 نام تجویز کئے گئے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا مضبوط امیدوار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنی ایڈوائس کیساتھ سمری صدر کو بھجوائیں گے، نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی28 نومبر کو عہدہ سنبھالیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار اس وقت ایس پی ڈی کے سربراہ مقرر ہیں جو این سی اے سیکریٹریٹ کے طور پر کام کرتا ہے، اس سے قبل وہ ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا گزشتہ سال اگست میں چیف آف جنرل اسٹاف بنے تھے جو آرمی چیف کے بعد دوسرا اہم ترین عہدہ ہے، انہوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ کام بھی کیا ہے۔
یاد رہے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات 27 نومبر کو ریٹائر ہوں گے۔ انھوں نے نومبر 2016 میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی کمانڈ سنبھال لی تھی، وہ اس عہدے پر پہنچنے والے پاک فوج کے 14ویں افسراور 17ویں چیف تھے۔
جنرل زبیر محمود حیات نےپاک فوج میں 24اکتوبر 1980میں کمیشن حاصل کیا،وہ چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پرتعینات تھے، جنوبی وزیرستان، مالاکنڈ اوراپردیر کے علاقوں میں جب آپریشنز کی منصوبہ بندی کی گئی تو جنرل زبیر حیات اس کا حصہ تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل کی حیثیت سے وہ اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل رہے، وہ ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں بہت معلومات رکھتے ہیں، حتف میزائل کے تجربات اورا سٹرائیک ڈرون کی لانچنگ بھی جنرل زبیر حیات کے دور میں ہوئی۔