کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں چار فریقی اجلاس میں افغانستان میں امن کے قیام اور طالبان کے ساتھ مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں طالبان سے مذاکرات اور خطے میں امن کے قیام پر بات چیت کے لئے پاکستان سمیت امریکہ،افغانستان ،چین اور طالبان نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ہے اور امن کےقیام کے لئے باہمی کوشش جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
مذاکرات کا ماحول بنانے کے لیے رکن ممالک کردار ادا کریں۔ اعلامیہ کے مطابق ہر قسم کی دہشت گردی تمام ممالک سمیت پورے خطے اور دنیا کیلیے سنگین خطرہ ہے جب کہ سیاسی اختلافات افغان عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے جائیں۔
اجلاس میں تمام سیاسی اختلافات کو حل کرنےاور افغانستان میں امن و مفاہمت کےمواقع اور مذاکرات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
چار فریقی رابطہ گروپ نے پر تشددکاروائیاں ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام ممالک کے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات افغان مفاہمتی عمل کے لئے ضروری ہیں۔
اعلامیے کے مطابق چار فریقی رابطہ گروپ کا اگلا اجلاس چھ فروری کو اسلام آباد میں ہوگا۔