ممبئی: ہندو انتہاء پسندوں کی دھمکیوں اور پاک بھارت کشیدگی کے باوجود تاریخ میں پہلی بار چار پاکستانی فنکاروں کو فلم فئیر ایوارڈ کے لیے نامزد کرلیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے 62 ویں فلمی ایوارڈ فلم فئیر کے لیے ایوارڈز کی نامزدگیاں جاری کردی گئی ہیں، جس میں پاکستانی اداکار فواد خان کو ’کپور اینڈ سنز‘ میں بہترین معاون اداکار کے لیے نامزد کیا گیا۔
پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو سلمان خان کی معروف فلم سلطان کے گیت ’جگ گھومیا‘ کے لیے نامزد کیا گیا جبکہ پاکستانی پاپ سنگر عاطف اسلم کو فلم رستم کے گیت ’تیرے سنگ یارا‘ کو مقابلے میں شامل کیا گیا جبکہ پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو فلم ’پنک‘ کے گیت کاری کاری کے لیے نامزد کیا گیاہے۔
پڑھیں: ’’ پرکشش ایشائی خواتین کی فہرست میں پاکستانی اداکارہ بھی شامل ‘‘
خیال رہے پاکستانی کلاسیکل گلوگار راحت فتح علی خان کو 2011 میں فلم عشقیہ کے گیت ’دل تو بچہ ہے جی‘ کے لیے ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے تاہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ساتھ چار فنکاروں کو فلم فیئر ایوارڈ میں نامزد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’’ جے پور فلم فیسٹیول میں تین پاکستانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ ‘‘
واضح رہے گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم، اڑی سیکٹر پر حملے اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے بعد بھارتی ہندو انتہاء پسندوں نے پاکستانی اداکاروں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے سنگین دھمکیاں بھی دی تھیں۔