سعودیہ میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے اوکاڑہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے دو سگے بھائیوں اور دو کزنوں سمیت 4 افراد زندگی کی بازی گئے۔ حادثہ گاڑی کا ٹائر بلاسٹ ہونے کے سبب پیش آیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بد قسمت گاڑی کا جیسے ہی ٹائر برسٹ ہوا تو پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر گاڑی پر چڑھ گیا۔
خاندانی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ افسوسناک حادثے میں طارق اور شکور نامی دو سگے بھائی اور رمضان اور اسد نامی نوجوان انکے کزن تھے، جبکہ کار میں نواز نامی ایک اور نوجوان بھی تھا جو شدید زخمی ہوا ہے۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پانچوں نوجوان عمرہ پہ جانے کے لئے فنگر پرنٹس کروانے ریاض جا رہے تھے کہ حادثہ رونما ہوگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے پانچویں نوجوان کی حالت بھی نازک ہے۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار پانچوں پاکستانی نوجوان روزگار کے حصول کے لئے سعودیہ میں مقیم تھے، ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے خاندان نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کی لاشوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔