ٹھٹھہ: صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوسٹر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ میں بگھاڑ موری کے قریب تیز رفتاری کے باعث زائرین کی کوسٹر الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو مکلی سول اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق زائرین کی کوسٹر کراچی اورنگی ٹاؤن سے درگاہ پیر پٹھو جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی۔
حسن ابدال: براہمہ انٹر چینج کے قریب مسافر بس الٹ گئی، 11 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ رواں ماہ 11 جولائی کو براہمہ انٹر چینج کے قریب مسافر بس الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ 9 جون کو صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے