کراچی: شہرِ قائد میں شارع فیصل پر واقع ایک نجی بینک میں ڈاکوؤں نے گھس کر لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے، آئی جی سندھ نے واردات کی رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے شارع فیصل پر بینک ڈکیتی میں لاکھوں روپے لوٹ لیے، پولیس کا کہنا ہے کہ 4 ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، نجی بینک میں کام یاب ڈکیتی کے بعد آسانی سے فرار ہو گئے۔
دن دہاڑے کی جانے والی بینک ڈکیتی میں 4 ڈاکوؤں نے 15 منٹ لگائے اور کیش کاؤنٹر سے 8 لاکھ روپے لوٹ لیے، ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق ڈاکوؤں نے بینک کے عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، ڈاکو سیکورٹی گارڈ سے ایک ٹی ٹی پستول بھی چھین کر لے گیا۔
دریں اثنا آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بینک ڈکیتی کا نوٹس لے لیا، انھوں نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی سی آئی اے کو حکم دیا کہ واردات سے متعلق رپورٹ جلد پیش کی جائے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق واردات تھانہ فیروز آباد کی حدود میں ہوئی، واردات کے بعد پولیس کے ساتھ رینجرز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی کے لیے بنایا جانے والا بنکر اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا جس کی وجہ سے ڈاکوؤں کو کارروائی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ الارم بجنے کے بعد سیکورٹی موبائل کو پہنچنے میں صرف 15 منٹ لگے، واردات کے سلسلے میں بینک عملے اور سیکورٹی گارڈ سے تفتیش کی جا رہی ہے، پولیس کے مطابق بینک چوکی میں سیکورٹی گارڈز تعینات نہیں تھے۔
کراچی: 57 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی، ڈاکو 26 لاکھ بھول گئے
پولیس نے بینک مینجر کی مدعیت میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست گارڈ کو تفتیش کے بعد واردات میں ملوث ہونے پر مقدمے میں نامزد کیا جا سکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز نے شارع فیصل پر نجی بینک میں ہونے والی ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی، فوٹیج میں مسلح ڈاکوؤں کو کیش کاؤنٹر پر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات پونے 3 بجے کے قریب ہوئی، پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔