ماسکو : روس نے چار عسکری سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیئے، روسی حکومت کےترجمان نے ان سیٹلائٹ کی قسم اور ان کے آئندہ کردار کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔
تفصیلات کے مطابق روس نے خلا میں چار عسکری سیٹلائٹ چھوڑدیئے ، ان چاروں سیٹلائٹ کو ملک کے شمال میں واقع پلیسٹیک خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں ریاستی نیوز ایجنسی نے روسی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ خلائی فورسز کے ایک یونٹ نے سویوز راکٹ کو بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا جو چار سیٹلائٹ کا حامل ہے۔ یہ سیٹلائٹ وزارت دفاع کی ضروریات کے واسطے مخصوص ہیں۔
ترجمان نے ان سیٹلائٹ کی قسم اور ان کے آئندہ کردار کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس سال 2011 سے وہ واحد ملک بن چکا ہے جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ٹیموں کو بھیجنے کی قدرت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے کئی اسکینڈلوں اور متعدد ناکام تجربات نے روسی خلائی سیکٹر پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
غیر ملکی خبر راساں ادارے کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کی بیس تاریخ کو مقررہ پروگرام کے مطابق ایک نئی ٹیم بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجی جائے گی۔ ٹیم میں امریکا، روس اور اطالیہ شامل ہیں۔