دبئی: پاکستان کے فنشر کہلانے والے آصف علی نے سات گیندوں پر 25 رنز بنا کر سب کو حیران کر دیا، اس ناقابل یقین بلے بازی پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
کیا آپ کو معلوم ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ دوسری بار ہوا ہے، اس سے قبل سال دو ہزار سولہ کے فائنل میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا تھا جب ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویت نے بین اسٹوکس کو چار چھکے لگا کر میچ کا نقشہ بدل دیا تھا۔
آصف علی کی تاریخی اننگز پر آئی سی سی نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی ، جس میں دونوں ویڈیوز کا کولاج بناکر شائقین کرکٹ سے سوال کیا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک اوور میں میچ جیتنے کے لیے چار چھکے؟ ہم نے اسے پہلے کہاں دیکھا ہے؟۔
آئی سی سی کی اس پوسٹ کو 15 ہزار سے لائکس مل چکے جبکہ سینکڑوں کمنٹس بھی آچکے ہیں۔
یاد رہے کہ جارح مزاج بیٹر نے ایک اوور میں 4 چھکے لگا کر افغانستان کے جبڑوں سے فتح چھین لی تھی، اسی فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔