چمن : پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
ایف سی بلوچستان کی ڈیرہ بگٹی میں کارروائی‘ اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
خیال رہے کہ دو روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی تھی۔
ڈیرہ بگٹی میں آپریشن دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا تھا جس کے دوران پکڑے جانے والے اسلحے میں بارودی مواد، بارودی سرنگیں، ڈیٹونیٹرز، آرپی جی راکٹ، اسلحہ اور گولیاں شامل تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 17 فروری کو ڈیرہ غازی خان میں پنجاب رینجرز اورایلیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گرد ہلاک کردیے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران بارودی سرنگ، راکٹ لانچر، دستی بم، اسلحہ برآمد برآمد ہوا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔