شمالی وزیرستان : تھانہ میرعلی بازارکی حدود سے 4 افرادکی لاشیں برآمد ہوئی تاہم لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں تھانہ میرعلی بازارکی حدود سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس نے بتایا کہ چاروں لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کےقریب ہی سبزی لے جانے والی 2 گاڑیاں موجود تھیں تاہم لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال میرعلی منتقل کردیاگیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میرعلی بازار میں آج نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ، مقتول عارف خان کاتعلق ضلع کرک سے تھا۔
رواں ماہ کے آغاز میں شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے گاؤں موسکی سے 6 افراد کی لاشیں ملیں تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کیے گئے افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے، مقتولین کی میر علی بازار میں ہیئر کٹنگ کی دکانیں تھیں اور ان کا تعلق پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔