تازہ ترین

چار سالہ کمسن طالبہ اسکول بس سے مردہ حالت میں ملی، خوفناک واقعہ

شدید گرم موسم میں بچے کو گاڑی کے اندر چھوڑنا یا بھول جانا ہیٹ اسٹروک اور دم گھٹنے کا باعث بنتا ہے اور یہ کہ 10 منٹ سے بھی کم وقت میں موت کا باعث بن سکتا ہے۔

کچھ ایسا ہی واقعہ الوکرہ میں پیش آیا جو قطر کا دارالحکومت ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والی چار سالہ طالبہ منسا مریم جیکب اپنی اسکول بس میں مردہ پائی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کنڈرگارٹن اسکول کی چار سالہ بھارتی نژاد طالبہ منسا مریم جیکب گزشتہ روز چار گھنٹے سے زیادہ اسکول بس میں اکیلی بند رہنے کے بعد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق یہ بھی ایک افسوسناک اتفاق ہے کہ متوفیہ بچی کی اسی روز سالگرہ بھی تھی۔

خبر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور اور دیگر بچے اس بچی کو نہیں دیکھ سکے، جو شاید بس میں سو گئی تھی، جب دوسرے تمام بچے اسکول بس سے اتر کر اسکول چلے گئے تو عملے نے بس کو خالکی سمجھ کر بند کردیا جس میں بچی اکیلی سو رہی تھی۔

اسکول بس میں بچی کی موجودگی کا علم دوپہر کو اس وقت ہوا جب کلاسز ختم ہونے کے بعد ڈرائیور اور اس کا ساتھی دیگر بچوں کو لے کر بس کی جانب آئے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ بچی کو بے ہوش دیکھ کر اسے فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

یاد رہے کہ اتوار کے روز قطر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36سینٹی گریڈ سے 43سینٹی گریڈ تک تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ضروری قانونی کارروائی کے بعد منسا کی لاش کو بھارت روانہ کیا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -