اسلام آباد: چکری انٹرچینج کے قریب مسافر وین اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں چار بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ سے راولپنڈی آنے والی وین چکری انٹرچینج کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا کرالٹ گئی جس کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کے بعد حادثے میں جاں بحق 6 افراد کی لاشوں اورزخمیوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا۔
سی ایم ایچ میں دوران علاج 8 زخمی جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
کراچی میں ٹرک اور پک اپ میں تصادم‘ 6 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ٹرک اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔