اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

فرانس: ایک دن میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس: فرانس میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد ایک روز میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد سامنے آگئی، ماہرین نے صورتحال قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق ملک میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 776 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نئے کیسز کی بلند ترین شرح ہے۔

فرانسیسی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تمام اشاریے بتا رہے ہیں کہ کرونا وائرس ایک بار پھر پھیل رہا ہے اور اس بار عمر کی کوئی قید نہیں۔ بچے، بڑے اور بوڑھے یکساں طور پر کرونا وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔

- Advertisement -

حکام کے مطابق نئے کیسز کی زیادہ تعداد اس وقت دارالحکومت پیرس اور مارسی میں ہے۔

طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دو روز قبل پیرس کے مشہور علاقے شانزے لیزے پر عوام کے جشن کے بعد کرونا کیسز میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

2 روز قبل فرانسیسی ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی اور اس دوران احتیاطی تدابیر بھی نظر انداز کردی گئیں۔

اتوار کے روز ٹیم کے فائنل کھیلنے کے موقع پر بھی ہجوم جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا ہے کہ ملکی سطح پر لاک ڈاؤن معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہورہا ہے لہٰذا اس کی جگہ مخصوص علاقوں اور شہروں میں چھوٹے پیمانے پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

فرانس نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے آغاز میں یورپی ممالک میں سے سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا تاہم لاک ڈاؤن ختم کیے جانے کے بعد کرونا کیسز کی شرح بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

ماہرین نے صورتحال بے قابو ہوجانے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

کرونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد اب فرانس میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 43 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 30 ہزار 468 کرونا کے مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں صحت یاب ہوجانے والے افراد کی تعداد 84 ہزار 65 ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں