پیرس: فرانس کی حکومت نے توانائی کی بچت کے لیے دکانوں کو ائیرکنڈیشن کے استعمال کے وقت دکان کے دروازے بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین اور روس کے درمیان جاری تنازع کے بعد سے یورپ میں انرجی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ روس کی جانب سے بھی انہیں سپلائی میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے یورپی ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایسے میں یورپی ممالک کی جانب سے روس پر توانائی انحصار کم کرنے اور توانائی کی بچت کیلئے مختلف اقدامات بھی اٹھارہی ہیں۔ فرانسیسی حکومت نے بھی توانائی کی بچت کے لیے نئے قوانین نافذ کردیے ہیں، جس کے تحت ابتدائی طور پر دکانوں کو ائیرکنڈیشن کے استعمال کے وقت دکان کے دروازے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ ائیرکنڈیشن کے استعمال کے دوران آمدورفت کے دروازے کھلے رکھنا مضحکہ خیز ہے، ائیرکنڈیشن سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی دکانوں پر 750 یورو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہر میں لگے برقی اشتہارات کے بورڈز پر بھی خاص اوقات میں پابندی عائد کی گئی ہے جس دوران ہر قسم کے اور ہر سائز کے اشتہارات کی لائٹیں بند رہیں گی۔ انہوں نے توانائی کے ضیاع سے متعلق آئندہ دنوں میں مزید احکامات جاری کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
خیال رہے کہ یورپی ممالک میں حالیہ چند برسوں میں گرمی بڑھنے کے باعث ائیرکنڈیشن کے استعمال میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔