پیرس: فرانس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے تین پولیس اہل کار ہلاک کر دیے، کچھ دیر بعد مشتبہ شخص کی بھی لاش مل گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی فرانس میں پولیس اہل کار گھریلو جھگڑے کی شکایت پر خاتون کی مدد کو پہنچے تو خود شکار ہو گئے۔
پولیس اہل کار حملہ آور کی بیوی کے فون پر اس کی مدد کے لیے پہنچے تھے، تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران مشتعل ملزم نے اہل کاروں پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے بعد ملزم گھر میں آگ لگا کر فرار ہوگیا تھا، لیکن کچھ دیر بعد علاقے میں اس کی لاش اس کی کار کے پاس مل گئی، پولیس نے متاثرہ خاتون کوگھر کی چھت سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔
پیرس کی پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی عمر 48 سال ہے، حملہ آور کی تلاش کے لیے آرمی کے 300 کے نوجوانوں کو طلب کیا گیا تھا، لیکن اس نے خود کشی کر لی۔
Ils intervenaient pour secourir une femme victime de violences conjugales dans le Puy-de-Dôme, trois gendarmes ont été tués, un quatrième blessé. La Nation s’associe à la douleur des familles. Pour nous protéger, nos forces agissent au péril de leur vie. Ce sont nos héros.
— Emmanuel Macron (@EmmanuelMacron) December 23, 2020
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ آدھی رات کو پولیس کو ایک خاتون کی کال موصول ہوئی تھی، جس پر اہل کار سینٹ جسٹ میں واقع اس کے گھر پہنچے، خاتون اپنے شوہر سے خود کو بچانے کے لیے چھت پر چڑھ گئی تھی، مشتعل شخص نے اہل کاروں کو دیکھتے ہی فائر کھول دیا جس سے تین اہل کار ہلاک ہو گئے۔
اہل کاروں کی ہلاکت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان اہل کاروں کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، ہماری فورسز جانیں قربان کر کے ہماری حفاظت کرتی ہیں، یہ ہمارے ہیرو ہیں۔