ریاض : سعودی عرب میں 22 ملین ریال کی دھوکہ دہی میں ملوث دو تارکین وطن کو مکمل ثبوت اور گواہان کے بیانات بعد سخت ترین سزائیں سنادی گئیں۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں دھوکہ دہی کی 177 وارداتوں میں ملوث دو غیر ملکیوں کو لمبی قید اور بھاری جرمانوں کی سزا سنا دی گئی ہے۔
سعودی عرب کے انسداد بدعنوانی کے ادارے ’فنانشل فراڈ پراسیکیوشن‘ نے مکمل تحقیقات اور شواہد کے بعد دو غیرملکیوں کو 15سال قید اور جرمانے کی سزائیں سنا دیں۔
تحقیقات میں یہ شواہد سامنے آئے کہ دونوں ملزمان نے متعدد علاقوں میں کال سینٹرز قائم کیے اور وہ خود کو سرکاری اداروں کا نمائندہ ہونے کا دعویٰ کرکے جعلی کال کرنے کے لیے ان مراکز کا استعمال کرتے تھے۔
مذکورہ مجرمان سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 177 مالی فراڈ کی وارداتوں میں کامیابی سے ملوث رہے۔ اس دوران انہوں نے غیر قانونی طور پر22 ملین سعودی ریال سے زائد منافع حاصل کیا۔
تحقیقاتی عملے کو ملزمان کی رہائش گاہ کی تلاشی کے دوران ٹیبلٹ اور بیرون ممالک سم کارڈ ملے۔ اس کے علاوہ جدید قسم کی ایک کنٹرول ڈیوائس بھی برآمد ہوئی۔
پبلک پراسیکیوشن نے جرم میں ملوث مالی رقوم کا سراغ لگانے، انہیں احتیاطی طور پر ضبط کرنے اور انہیں ان کے مالکان کو واپس کرنے کے اقدامات کئے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کیا اور مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں ان کے خلاف لگائے گئے تمام تر الزامات کے ثبوت پیش کیے۔
عدالت نے تمام تر ثبوتوں اور شواہد کی روشنی میں ملزمان کو سزا کا حقدار قرار دیتے ہوئے 15 سال تک کی قید اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا حکم جاری کیا۔
عدالت کی جانب سے ایک ملزم کو 10 لاکھ سعودی ریال اور دوسرے کو "پانچ لاکھ سعودی ریال” جرمانہ، رقم ضبط کرنے اور قید کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کرنے کی سزا دی گئی ہے۔