سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین نے کہا ہے کہ مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کیلیے بیرونی صحنوں میں سامان رکھنے کیلیے مفت لاکرز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام کے مشرقی بیرونی صحن جو کہ الشبیکہ گیٹ نمبر 64 کے سامنے ہے وہاں انتظامیہ کی جانب سے لاکرز فراہم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے لاکرز سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے ضوابط جاری کیے ہیں جس کے لیے لازمی ہے کہ نسک پورٹل کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کیا گیا ہو۔
مسجد الحرام آنے والے زائرین کو لاکرز کی سہولت حاصل کرنے کے لئے عمرہ پرمٹ اہلکاروں کو دکھانا ہوگا۔
اس کے علاوہ لاکرز میں ممنوعہ، خطرنا ک یا قیمتی اشیا نہ رکھی جائیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ 4 گھنٹے کے لیے لاکر الاٹ کیا جائے گا۔
کھانے پینے کی اشیا لاکرمیں رکھنے کی ممانعت ہے، جبکہ سامان کا وزن 7 کلو گرام سے زائد نہ ہو، اس کے علاوہ سامان بیگ میں رکھا ہونا چاہئے شاپرز میں رکھا گیا سامان قابل قبول نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مسجد الحرام کے اطراف میں تمباکو کی مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی کا کہنا ہے مسجد الحرام کے اطراف میں تمباکو مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔
اس پابندی کے بعد شہر مقدس کے مرکزی علاقے کی کسی بھی دکان یا سپر اسٹورز پر تمباکو یا اس سے بنی مصنوعات فروخت نہیں کی جا سکیں گی۔
بلدیہ کی جانب سے مرکز علاقے میں کسی دکان کو تمباکو مصنوعات فروخت کرنے کا کوئی پرمٹ جاری نہیں کیا گیا۔
ویڈیو: مسجد الحرام میں بارش کے دوران زائرین کی دعائیں
تاہم شہر مکہ کے مرکزی علاقے کی حدود سے باہر دیگر محلوں میں تمباکو مصنوعات کی فروخت کے لیے میونسپلٹی نے کچھ ضوابط طے کیے ہیں۔