لاہور : مفت سولر سسٹم کے حصول کے لئے رجسٹریشن کا طریقہ کار سامنے آگیا، 100 سے 200 یونٹ استعمال کرنیوالوں کیسے رجسٹرڈ ہوں گے؟
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازعوام کی فلاح و بہبود کے کام بھرپور انداز سے کررہی ہیں اور انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے مہنگائی کا رونا رونے کے بجائے اسے کم کرکے دکھایا ہے، مہنگائی کی شرح موجودہ دور حکومت میں 4.1فیصد پر آگئی ہے ، مہنگائی کی شرح کم ہونے پر وزیراعظم خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوام کیلئے بہت سے منصوبے جاری ہیں ، بجلی کی قیمتوں کی وجہ سے لوگ تکلیف کا شکار رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کےلئے مفت سولر پروگرام شروع کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اس سال مفت سولر پروگرام کے ذریعے ایک لاکھ سولر پینل تقسیم کئے جائیں گے، ایک لاکھ سولر پینلز کا منصوبےکی لاگت 10 ارب روپے ہے۔
مزید پڑھیں : گھر بیٹھے ٹیوب ویل سولررائزیشن کے لئے کیسے درخواست دے سکتے ہیں؟
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ سولر پینل 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو دئیے جائیں گے اور 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو550واٹ کا سولر سسٹم دیا جائے گا جبکہ 101سے 200 یونٹ استعمال کرنیوالوں کو 1100 واٹ سولر پینل دئیے جائیں گے۔
انھوں نے مفت سولر سسٹم کے حصول کے لئے رجسٹریشن کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ عوام شناختی نمبر8800 پر بھیج کر خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا بھی منصوبہ شروع کیاگیا ہے ، 8ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کیاجائے گا ، حکومت کی جانب سےجھینگے کی فارمنگ کا منصوبہ بھی جاری ہے، جنوبی پنجاب جھینگے فارمنگ کا حب بننے جارہا ہے۔