جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

طاقت کا غلط استعمال، مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نوشہرو فیروز: محکمہ پولیس میں طاقت کے غلط استعمال کے بڑھتے واقعات سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے، نوشہرو فیروز میں مفت چائے پینے والے پولیس اہلکاروں نے ہوٹل مالک کو لاک اپ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نوشہرو فیروز کے ایک علاقے میں مفت کی چائے پینے کے عادی پولیس اہلکاروں نے پارسل کیے جانے والی چائے کے پیسے طلب کیے جانے پر ہوٹل مالک کو گرفتار کر کے تھانے میں بند کر دیا۔

یہ واقعہ ٹنڈیارو کے علاقے محبت ڈیرو میں پیش آیا، جہاں چائے مفت میں نہ دینا ہوٹل مالک کے لیے ایک جرم بن گیا، ہوٹل مالک نے بتایا کہ پولیس اہلکار روز ہوٹل آ کر مفت کی چائے پیتے تھے، تاہم آج سپاہی ظہور گوپانگ کی جانب سے پارسل کا مطالبہ کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے 5 چائے پارسل کروائی، جب ان سے پیسوں کا مطالبہ کیا گیا تو وہ سیخ پا ہو گئے اور ہمیں گرفتار کر کے تھانے لے گئے۔

- Advertisement -

ہوٹل مالک کے مطابق انھوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے واقعے اور پولیس اہلکاروں کے رویے کی شکایت کی تھی، تاہم ان کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

ہوٹل مالک آفتاب گوپانگ نے اپنے ورثا کے ہمراہ پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جب انھیں گرفتار کیا گیا تو پولیس نے رشوت لے کر رہا کیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوسری طرف محبت ڈیرو کے ایس ایچ او محبوب چھاچھر نے رابطے پر بتایا کہ چائے کا کوئی ایشو نہیں ہے بلکہ یہ ان کا آپس کا تنازعہ ہے، تاہم ایس ایس پی نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں