لاہور : چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ اظفر منظور نے پنجاب میں فری وائی فائی سروس کی بندش کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا وائی فائی منصوبے کو بند نہیں کیا جارہا بلکہ ڈیجیٹل پنجاب ویژن کےتحت پھیلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ اظفر منظور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں وائی فائی منصوبہ بند نہیں کیا گیا، صوبے میں مفت انٹرنیٹ سروس بدستور جاری ہے۔
اظفر منظور کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مقامات پرمفت انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، اسپتالوں ، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر و دیگر مقامات پرسہولت فعال ہے، وائی فائی منصوبے کو ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت پھیلایا جائے گا۔
دوسری جانب معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ پنجاب کے اسپتالوں، تعلیمی اداروں ، پارکس، سرکاری دفاتر، بازاروں میں فری وائی فائی سہولت جاری ہے، پنجاب وائی فائی منصوبے کی بندش سے متعلق پروپیگنڈا جھوٹا ہے، بزدار حکومت فری وائی فائی منصوبہ پنجاب بھر میں پھیلانے کیلئے پرعزم ہے۔
خیال رہے گزشہ دور حکومت میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے لاہور سمیت صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں 200 مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا، منصوبے پر ہر سال حکومت کے 19 کروڑ50 لاکھ روپے کے اخراجات آ رہے تھے۔