گھوٹکی: صوبہ سندھ کے علاقے میرپور ماتھیلو اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، متاثرہ ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا۔
کراچی جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا، متاثرہ ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا۔
اس سے قبل رواں ماہ یکم اکتوبر کو روہڑی اسٹیشن پر مال گاڑی کی چار بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی، بوگیاں پٹری سے اترنے سے 400 فٹ پٹری کو نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ 19 جون کو ایران سے کوئٹہ آنے والی مال گاڑی کی 9 بوگیاں ٹریک سے اترگئیں تھی، مال گاڑی کو حادثہ بلوچستان کے علاقے چاغی کے قریب واقع پدگ میں پیش آیا۔
مال گاڑی کی بوگیاں اترنے کے باعث کوئٹہ سے ایران جانے اور آنے والا ریلوے ٹریک معطل ہوگیا تھا۔
گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک
واضح رہے کہ رواں سال 30 مئی کو خیرپور کے گمبٹ ریلوے اسٹیشن پرمال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں تھی جس کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک کردیا گیا تھا۔
ٹریک بند ہونے سے سکھرجانے والی سکھرایکسپریس کوروک لیا گیا تھا، رانی پور ریلوے اسٹیشن پر سکھرایکسپریس کے مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے تھے۔