پیرس : فرانس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوڈ کمپنیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس میں اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فوڈ مینوفیکچررز سے قیمتوں میں 2سے 5 فیصد تک کمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ریٹیل کمپنی ’لیس موسکیٹیرس‘کے سربراہ تھیری کوٹیلارڈ نے ایک اجلاس میں قانون سازوں کو بتایا کہ سپرمارکیٹ گروپس کے نمائندگان جلد ہی فوڈ مینوفیکچررز سے ملاقات کرکے قیمتوں میں 2سے 5فیصد تک کمی کا مطالبہ کریں گے۔
اس موقع پر فرانسیسی ریٹیلرز نے یونی لیور اور نیسلے جیسی اشیائے خوردونوش کی کمپنیوں کو قیمتوں میں اضافہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کے بقول بلاجواز ہیں جبکہ حکومت نے بھی ان کمپنیز پر بھی قیمتوں میں کمی کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔
کوٹلارڈ نے کہا کہ لیس موسکوٹیرس جو پرتگال میں اوس موسکوٹیرس کے نام سے جانا جاتا ہے نے پرتگال میں اشیائے خوردونوش کی کمپنیوں سے بات چیت کرکے قیمتوں کو کم کرانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ فرانس میں گزشتہ کئی ماہ سے افراط زر کی شرح اس سطح تک بڑھ گئی ہے جو اس سے قبل تقریباً چار دہائیوں میں نہیں دیکھی گئی تھی۔ فرانسیسی حکام نے اپنی ایک رپورٹ میں مہنگائی کو ملک کو درپیش سب سے بڑے مسائل میں سے ایک قرار دیا تھا۔