پاکستان میں متعین فرانسیسی سفیر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پیرس کے لیے پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سفارتکاروں نے وطن واپسی کیلئے پی آئی اے کی براہ راست پرواز کا انتخاب کیا۔
تفصیلات کے مطابق فرانسیسی سفارتخانے نے سی ای او پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اور ان کی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں یورپی سفارتکاروں، ڈی جی سی اےاے، ہوا بازی صنعت سے منسلک حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پیرس پرواز کی بحالی سےتعلقات کےفروغ میں مدد ملے گی پی آئی اے نے پیرس کی پرواز کے لیےموثر تشہیری مہم چلائی۔
سی ای اوپی آئی اے عامر حیات نے کہا کہ پروازوں کی بحالی کیلئے سفارتخانے کے تعاون کا کوئی نعم البدل نہیں پی آئی اے کے پیرس کیلئے فضائی آپریشن کی تاریخ 70 سال پر محیط ہے۔
رواں سال جنوری کے پہلے عشرے میں پی آئی اے کی ساڑھے 4 سال بعد پہلی پرواز اسلام آباد سے پیرس پہنچی اور اگلے روز واپس آئی۔ فرانس سے پاکستان روانگی کے وقت مسافر انتہائی پرجوش تھے، اسلام آباد روانہ ہونے والے مسافروں نے یورپ میں پی آئی اے کےفلائٹ آپریشن کی بحالی کوخوش آئند قرار دیا۔
پیرس ائیرپورٹ پر خصوصی تقریب ہوئی اور کیک بھی کاٹا گیا، اس سے قبل پروازپی کےسیون فور نائن اسلام آباد سے پیرس پہنچی تو شانداراستقبال کیا گیا، اس موقع پر سفارتخانے کے عملے اور اوورسیزپاکستانیوں نے مسافروں کا خیرمقدم کیا۔
پیرس روانگی کے وقت اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی خصوصی تقریب سجائی گئی تھی ، وزیرہوا بازی خواجہ آصف نے فیتہ کاٹا اور مسافروں کورخصت کیا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آج تاریخی دن ہے۔ پیرس کے براہِ راست پروازوں کا پھر آغاز ہورہا ہے، یورپی یونین کی سیفٹی ایجنسی کے شکرگزارہیں کہ انہوں نے ہمیں جانچا اور پروازوں کی اجازت دی۔
آئندہ دنوں میں برطانیہ اور امریکا کیلئے بھی براہِ راست پروازوں کا آغازہوگا، پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔