فرانس کے وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن جماعت کی جانب سے لائی گئی تحریک عدم اعتماد کی کامیاب ہوگئی، مائیکل بارنیئر صرف تین ماہ عہدے پر برقرار رہ سکے۔
رپورٹ کے مطابق فرانسیسی پارلیمنٹ کے اراکین نے وزیراعظم مشیل بارنیئر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
وزیر اعظم مشیل بارنیئر کے اقلیتی اتحاد کا دور حکومت محض تین ماہ بعد ہی اپنے اختتام کو پہنچ گیا جو فرانس کی تاریخ میں کسی بھی حکومت کا سب سے مختصر دورانیہ ہے۔
مشیل بارنیئر کو 3 ماہ وزیراعظم رہنے کے بعد آئینی طریقے سے عہدے سے ہٹا دیا گیا، بجٹ منظوری کے لئے خصوصی اختیارات کا استعمال تحریک عدم اعتماد کا باعث بنا، مشیل برنیئر کو فرانسیسی صدرمیکرون نے تین ماہ قبل وزیراعظم مقرر کیا تھا۔
فرانسیسی پارلیمنٹ کے 331 اراکین نے عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا، بائیں بازو اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں نے عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا۔
تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ایوانِ صدر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون جمعرات کی شام قوم سے خطاب کریں گے۔
تحریک کی کامیابی کے بعد مشیل بارنیئر کو وزیرِاعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینا ہوگا، انہوں نے ووٹنگ سے پہلے خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت ختم ہوئی تو فرانس غیر یقینی صورتحال میں ڈوب جائے گا۔
وزیرِاعظم مشیل بارنیئر کی اقلیتی حکومت کے خاتمہ کے بعد ملک کو سیاسی بحران کا سامنا ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد نے ایوان میں پیش کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق فرانس میں 62 سال بعد کسی سربراہ مملکت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی ہے۔