کراچی :پی آئی اےکے طیارہ کی تباہی کی تحقیقات کرنے والی ایئربس کمپنی کی ٹیم جہازکا بلیک باکس اورکاک پٹ وائس رکارڈر لے کر پیرس روانہ ہوگئی ہے، بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل شروع کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی ایئربس کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم اہم شواہد لے کر آج پیرس روانہ ہوگئی، فرانسیسی ماہرین کےساتھ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان بھی فرانس گئے ہیں۔
تفتیشی ٹیم جہاز کا بلیک باکس اورکاک پٹ وائس رکارڈر اپنے ساتھ لے کرگئی ہے، جس کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل سے فرانس میں شروع ہوگا، ایوی ایشن ایسکیڈنٹ کے ماہرین وائس ریکارڈر اور بلیک باکس کے تجزیہ کے ذریعہ حادثہ کے محرکات جاننے کی کوشش کریں گے۔
گذشتہ روز طیارہ حادثے کی تحقیقات سے متعلق ایئربس کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ٹیم نے حادثے سے متعلق جائے حادثے پر مشن تقریباًمکمل کرلیا،پاکستانی حکام اورفرانسیسی ٹیم جلدفرانس روانہ ہوگئی، کاک پٹ وائس اورڈیٹا فلائٹ ریکارڈر پر کام 2 جون سےشروع ہوگا، پاکستان کےایئرکرافٹس ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے طیارہ حادثہ، فرانسیسی ٹیم کی تحقیقات مکمل
اس سے قبل پاکستان میں اپنے آخری روز کے دوران ائربس ماہرین نے ازسرنو جائے حادثہ،رن وے، ریڈارسینٹر،کنٹرول اور اپروچ سینٹر کا الوداعی دورہ کیا اور کہا تباہ شدہ جہاز کے ڈائی گرام کے عین مطابق ملبے کی ترتیب اور اس پر تحقیق کو فوقیت دی جائے گی ، تباہ شدہ طیارے کی آخری جانچ پڑتال تحقیقات کا لازمی جزو ہے۔
پی آئی اے حکام کی جانب سے جہاز کی انسپکشن اور تمام ضروری دستاویزات ، کاک پٹ کریو(کپتان ونائب کپتان)کا سابقہ ریکارڈ جبکہ ان سے متعلق انتہائی اہم تفصیلات بھی فراہم کی گئی۔
خیال رہے کراچی طیارہ حادثہپی آئی اےکےبدقسمت ائربس طیارےکی تحقیقات کیلئےائیربس کمپنی کی گیارہ رکنی ٹیکنیکل ٹیم چھبیس مئی کوکراچی پہنچی تھی، جس نےچھ روزتک باریک بینی سے تحقیقات کی۔
واضح رہے کہ 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔