پشاور نمک منڈی کی 95 سالہ قدیمی دودھ دہی کی دکان پر جدید انداز میں تازہ پنیر تیار کیا جاتا ہے، ماہ مبارک میں پنیر کو کم قیمت فروخت کرنا اس دکان کی پرانی روایت ہے۔
ماہ صیام میں پشاور کے روزہ دار افطار کے لیے پروٹین سے بھرا پنیر شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں، رمضان کی خصوصی آفر کی وجہ سے خریدار بھی دل کھول کر پنیر گھر لے جاتے ہیں۔
مارکیٹ میں فی کلو پنیر کی قیمت 1500 سے 1600 روپے تک ہے، مگر یہاں روزہ داروں کو ایک ہزار روپے فی کلو پنیر فروخت کیا جاتا ہے۔ مزے دار تازہ پنیر بنانے کے لیے دودھ میں لسی کو ایک خاص مقدار میں شامل کر کے مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے، تیار ہونے پر اسے ریشم کے کپڑے میں فریز میں رکھ دیا جاتا ہے۔
ماہ رمضان میں روزے دار پنیر سے مختلف ڈشیں تیار کرتے ہیں، جن میں پالک پنیر، گرما گرم پنیر پکوڑے سمیت دیگر مزیدار پکوان شامل ہیں۔