نئی دہلی : کرونا وائرس کی بدترین صورتحال سے جسمانی و اعصابی دباؤ کا شکار بھارتی ڈاکٹروں کی خودکشی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر نے بھارت میں تباہی مچا رکھی ہے، ایسے حالات میں جب کرونا کا شکار بھارتی شہری اسپتالوں و سڑکوں پر آکسیجن کی کمی کے باعث تڑپ تڑپ کر زندگی کی بازی ہار رہے ہیں، تو دوسری جانب بھارتی ڈاکٹرز مایوسی کا شکار ہوکر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں۔
ڈاکٹر کی خودکشی کا ایک اور واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا جہاں نجی اسپتال میں طبی خدمات انجام دینے والے 35 سالہ ڈاکٹر نے سخت ذہنی دباؤ کے باعث اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کرونا وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک 800 ڈاکٹرز موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔
ڈاکٹروں کی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں جسمانی و اعصابی دباؤ کو ڈاکٹروں کی خودکشی کی وجہ قرار دیا ہے۔
ڈاکٹروں کی تنظیم کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈاکٹرز مسلسل پندرہ پندرہ روز اسپتالوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ساتھ ہی رشتہ داروں سے دوری بھی سخت اضطراب کا باعث رہی ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں حکومت کے تمام دعوؤں اور غیرملکی امداد کے باوجود کرونا بحران شدید تر ہوتا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چار لاکھ چودہ ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 3915 کرونا مریض زندگی کی بازیاں ہار گئے۔