لاہور: ملک میں بجلی کا بحران بدستور جاری ہے، شاٹ فال کم نہ ہو سکا، اور ایندھن کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار مزید کم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 580 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے اور ایندھن کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار مزید کم ہو کر 19 ہزار 420 میگا واٹ رہ گئی، جب کہ بجلی کی طلب 26 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور پلانٹس کو کوئلے اور ایل این جی کی پوری مقدار نہیں مل رہی، ایل این جی کے سودے کر لیے لیکن رسد کے لیے ڈالرز میں ادائیگی ضروری ہے، جب کہ حکومت کی جانب سے ادائیگی نہ ہونے سے ایندھن فراہمی نہیں ہو رہی۔
پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 916 میگا واٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 84 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، اور نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 10 ہزار 156 میگا واٹ ہے۔
ہوا سے 700 میگا واٹ، سولر سے بجلی کی پیداوار 112 میگا واٹ ہے، بگاس سے چلنے والے پاور پلانٹس 166 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جب کہ جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 2 ہزار 274 میگا واٹ ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔