سپریم کورٹ کے فل کورٹ اجلاس میں ججز نے زیر التوا مقدمات نمٹانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا جس میں تمام ججز شریک ہوئے، جسٹس منصور علی شاہ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بیک لاگ میں کمی اور زیر التوا کیسز پر غور کیا گیا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے مقدمات سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔
سپریم کورٹ میں اس وقت 59 ہزار 191 مقدمات زیر التوا ہیں، جسٹس منصصور علی شاہ نے مقدمات میں کمی کے لیے تجاویز پیش کیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فل کورٹ اجلاس میں زیر التوا مقدمات نمٹانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
فل کورٹ اجلاس کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے پیشکش کرتے ہوئے اضافی تجاویز پیش کیں جس میں زیر التوا مقدمات میں کمی لانے اور طریقہ کار میں مزید بہتری لانے کیلئے ایک ماہ کا ابتدائی پلان، تین ماہ کا پلان اور چھ ماہ کا پلان شامل تھا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ اجلاس میں شریک جج صاحبان کا شکریہ ادا کیا، سپریم کورٹ فل کورٹ کا آئندہ اجلاس 2 دسمبر کو ہوگا۔