تازہ ترین

مکہ اور مدینہ میں جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی

ریاض: استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز جنازہ مکہ اور مدینہ میں ادا کردی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق ترکی میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی، مسجد الحرام اور مسجد النبوی میں ہزاروں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

استنبول کی تاریخی فتح مسجد اور انڈونیشیا کے شہر جکارتہ کی ابوبکر صدیق مسجد میں بھی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سب سے بڑا اجتماع مکہ میں مسجد الحرام کے اندر ہوا جہاں نماز جمعہ کے بعد جمال خاشقجی کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی گئی۔

مسجد النبوی میں بھی ہزاروں افراد نے غائبانہ نماز میں شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

مزید پڑھیں: جمال خاشقجی کا قتل سعودی عرب کا اندرونی معاملہ ہے: سعودی وزیرِ خارجہ

یاد رہے کہ سعودی عرب کے محکمہ پبلک پراسیکیوشن نے ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث پانچ افراد کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ان پانچ افراد نے جمال خاشقجی کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

خیال رہے کہ 2 اکتوبر میں سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے گئے تھے جہاں انہیں قتل کردیا گیا تھا۔

بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔

Comments

- Advertisement -