لاڑکانہ : ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ میجر سعید تنیو کو لاڑکانہ اور شہید چیف نائیک مدثر فیاض کو شکر گڑھ میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ میجر سعید تنیو کے جسد خاکی کو ان کے آبائی گھر لے جایا گیا، جہاں اہل خانہ نے آخری دیدارکیا۔
جس کے بعد شہید کی نماز جنازہ گاؤں سجاول تنیو میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں اہل خانہ، عسکری و سول سوسائٹی ممبران کے علاوہ ایس ایس پی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے شہید میجر کو سلامی پیش کی اور شہید میجرسعیدکو مکمل فوجی اعزازکےساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
پنوعاقل چھاؤنی سے سکس ٹین ڈویژن فائیو کور کے برگیڈیئر اویس اور لیفٹننٹ کرنل عمر نے شہید کی قبر پر آرمی چیف کی جانب سے پھول چڑھائے۔
دوسری جانب ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید مدثر فیاض کا جسد خاکی گھر پہنچا تو غم سے نڈھال بیوہ، بھائی اور والدہ بیٹے کے تابوت سے لپٹ کر بے اختیار رو دیں۔
شہید مدثر فیاض کی نماز جنازہ اخلاصِ پور روڈ پر سرکاری اسکول کی گراؤنڈ میں ادا کی گئی ، جس میں اعلیٰ فوجی حکام کے علاؤہ سول اور سیاسی شخصیات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد شہید مدثر فیاض کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جہاں فوجی افسران نے آرمی چیف کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں، شہید کی والدہ نے کہا کہ اسے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔
شہید کے سوگواران میں بیوہ شامل ہے، شہید فیاض 4 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے، ان کی ڈیڑھ برس قبل شادی ہوئی۔