کراچی: شہر قائد میں پارکنگ پلازہ کے قریب شہید ہونے والے دونوں فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔
کراچی میں پارکنگ پلازہ کے قریب شہید ہونے والے لانس نائیک عبدالرزاق ، اور سپاہی خادم حسین کی نماز جنازہ پی این ایس شفا میں ادا کی گئی ، جس کے بعد دونوں کی میتوں کو تدفین کیلئے آبائی علاقے نوشہروفیروز اور دادو کیلئے روانہ کردیاگیا ہے ۔
نماز جنازہ میں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، صوبائی وزیر سہیل سیال ، آئی جی سندھ سمیت پاک بحریہ ، پاک فضائیہ سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔
صدر پارکنگ پلازہ میں حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید
یاد رہے کہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے حساس ادارے کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، گاڑی معمول کے گشت پر تھی ، فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی۔
واقعہ کے بعد ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے اہلکاروں عبدالرزاق اور خادم حسین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے تھے۔