کراچی: انٹرپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن 5 روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گی۔
تفصیلات کےمطابق میکسیکو کی سیاست دان خاتون اور انٹر پارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کل پانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہی ہیں۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ انٹر پارلیمانی یونین کی صدر کی آمد پر نور خان ایئر بیس اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
گیبریلا کیویس بیرن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان آ رہی ہیں، پاکستان دورے کے موقع پر گیبریلا کیویس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔
پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا بڑا اعزاز
گیبریلا کیویس لاہور، چکوال، گوادر اور پسنی کا دورہ بھی کریں گی، ان کی آمد سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر پورٹ پر تیاریاں مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رواں برس جولائی میں انٹرنیشنل پارلیمنٹری یونین کے صدر کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے انتخاب رواں برس دسمبر میں ہوگا۔ انھیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نامزد کیا تھا۔
صادق سنجرانی ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی پی یو کی صدرات کے انتخاب میں حصہ لیں گے، پارلیمنٹرینز کا کہنا ہے صادق سنجرانی کے آئی پی یو صدارتی انتخاب سے پارلیمان کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔