کراچی : سپر ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والے نوجوان بلال کو بڑے ہتھیار کی دو گولیاں لگیں، مقتول کی نماز جنازہ خلجی گوٹھ میں ادا کردی گئی، کوئی ملزم نامزد نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی ابتدائی رپورٹ آگئی، رپورٹ کے مطابق مقتول بلال کو دو گولیاں لگیں جو بڑے ہتھیار سے فائر کی گئی تھیں، اور دونوں فائر بائیں جانب سے کیے گئے۔
دوسری گولی بائیں بازو سے آر پار ہوکر سینے میں پیوست ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے چھوٹے ہتھیار کی گولی اس شدت سے آرپار نہیں ہوسکتی، بلال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیر کو جاری کی جائے گی۔
گڈاپ پولیس نے مقتول کی والدہ کی مدعیت میں ایف آئی آر تو درج کرلی ہے لیکن ابھی تک کسی ملزم کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل پولیس اس واقعہ پر مقابلے، منشیات فروشی اور بلال کی ہلاکت کے تین الگ الگ مقدمات بھی درج کر چکی ہے۔
علاوہ ازیں مقتول بلال کی نماز جنازہ ادا خلجی گوٹھ گڈاپ ٹاؤن میں ادا کر دی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز گڈاپ میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے دوران ایک نوجوان ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔
واقعے کے خلاف مظاہرین نے شدید احتجاج کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خلجی گوٹھ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مار کر دس ملزمان کو حراست میں لیا تھا۔
کارروائی کے بعد علاقے سے واپس جاتے ہوئے پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ہلاک نوجوان کی شناخت17سالہ بلال خان کے نام سے ہوئی جب کہ18سالہ زخمی لڑکے کا نام شکیل ہے جو ذہنی طور پر معذور ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مقتول بلال خان کس کی گولی کا نشانہ بنا۔