گلیات: خیبرپختونخواہ حکومت کی سیاحت کو فروغ دینے کی کاوشیں رنگ لانے لگیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے گلیات میں سنو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا افتتاح صوبائی حکومت کے مشیر کامران بنگش اور ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلمپنٹ اتھارٹی نے کیا۔
گلیات میں برف باری سے لطف اندوز ہونے اور فیسٹیول میں شرکت کے لیے ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاحوں تعداد پہنچ گئی ہے جبکہ مزید کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گلیات، نتھیاگلی ، ڈونگا گلی، ایوبیہ کے حسین نظاروں کو دیکھنے کے لئے ملک کے بھر سے سیاحوں نے گلیات میں ڈیرے ڈال لیے، تین روزہ سنو فیسٹیول میں سیاحوں کی دلچسپی کے لئے مختلف گیمز بھی رکھے گئے ہیں۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق تین روزہ سنو فیسٹیول میں 20 ہزار سے زائد سیاح شرکت کررہے ہیں۔
سنو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حکومت مشیر و ترجمان کامران بنگش کا کہنا تھا کہ سیاحت کی وجہ سے خیبرپختونخوا کا پوری دنیا میں مثبت چہرہ سامنے آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے نئے سیاحتی مقامات بنا رہی ہے۔ کامران بنگش کا کہنا تھا سنوفیسٹیول کے انعقادسے جہاں سیاحت کوفروغ ملے گا وہیں مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، خیبرپختونخواہ میں سیاحت کے اتنے مواقع موجود ہیں کہ یہ گیم چینجر ثابت ہوسکتے ہیں۔
ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی رضا علی حبیب کے مطابق اس سال برفباری کے دو مہینوں میں گلیات میں سات لاکھ سے زائد سیاح گلیات پہنچے ہیں۔ رضا علی حبیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال سے سنو فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملا، اسی وجہ سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں لوگ گلیات کا رخ کرتے ہیں اور برف باری سے محظوظ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیاحتی مقامات کے دلفریب نظاروں کو دیکھنے کے لئے ملک کے دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاحوں آمد ہوتی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔