منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سیاحوں کے لیے خوش خبری، گلیات کے راستے کی تمام رکاوٹیں دور ہو گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

گلیات: پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول ہل اسٹیشن گلیات کے راستے کی تمام رکاوٹیں دور کر لی گئی ہیں، گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کو خوش خبری دی ہے کہ راستے صاف کر دیے گئے ہیں، وہ تفریح کے لیے گلیات آ سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جی ڈے اے کے ترجمان احسن حمید نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تفریحی مقام گلیات میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، گلیات کی تمام سڑکوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے، سیاح اب آسانی سے گلیات کے مختلف علاقوں کا سفر کر سکتے ہیں۔

ترجمان احسن حمید نے کہا کہ سیاح دوران سفر غلط پارکنگ سے اجتناب کریں، انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا جائے اور ایک زنجیر اپنے ساتھ ضرور رکھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مری، گلیات، ایوبیہ اور نتھیا گلی میں ہلکی برف باری ہوئی تھی، جس کے بعد ایوبیہ سے مری تک بدترین ٹریفک جام رہا۔ گلیات کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نومبر میں گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے برفانی سیزن کے پیش نظر انتہائی جدید مشینری بھی خرید لی ہے۔ جی ڈے اے نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، گلیات آ کر سیاحوں کو اپنی زندگی کا یادگار تجربہ ہوگا، سڑکوں سے برف ہٹائے جانے کے بعد اب سیاح برف سے ڈھکے پہاڑوں کی وادی کے نظارے کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گلیات میں گزشتہ دنوں برف باری کے دوران آنے والے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، مقامی لوگوں نے گاڑی کے ٹائروں پہ زنجیر باندھنے کا منہ مانگا دام وصول کیا، گلیات میں بے بس سیاحوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھانا معمول بن گیا ہے، جب کہ متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سفر کے دوران مشکلات سے بچنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جی ڈی اے نے کہا ہے کہ حالیہ موسمی صورت حال کے پیش نظر گلیات اور ٹھنڈیاںی میں سفر مکمل احتیاط سے کیا جائے، گاڑی میں پیٹرول، گیس کی مناسب مقدار برقرار رکھیں، کھانے پینے کی اشیا اور پانی خاص طور پر خشک میوہ جات، بسکٹ وغیرہ اپنے ساتھ ضرور رکھیں۔ گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کم رکھیں اور پھسلن سے بچنے کے لیے زنجیر کا استعمال کریں۔ گاڑی پہلے یا دوسرے گیئر میں چلائیں اور بریک کا استعمال کم کریں۔ برف پر چلنے والے جوتے استعمال کریں۔ عورتوں اور بچوں کو ساتھ لانے سے گریز کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں