جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

گلیات فیسٹول: سانحہ مری کے خوف میں مبتلا فیملیز کا اعتماد بحال ہو گیا

اشتہار

حیرت انگیز

خیبر پختون خوا کے سیاحتی مقام گلیات میں 3 روزہ فیسٹول تمام تر رعنائیوں کے ساتھ ختم ہوگیا، تاہم گلیات فیسٹول نے سانحہ مری کے خوف میں مبتلا فیملیز کا اعتماد بحال کر دیا ہے۔

محکمہ سیاحت و ثقافت خیبر پختون خوا اور گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اسنو فیسٹول کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ملک بھر سے سیاح شریک ہوئے، سیاح قدرت کے حسین نظاروں کے ساتھ برف سے ڈھکے میدان میں رسہ کشی، تیر اندازی، اسکی اور دیگر گیمز سے بھرپور طور سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

فوٹو کریڈٹ: شہریار انجم

ملک بھر سے آئے سیاحوں نے فیسٹول کو خوب سراہا، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سیاح انوشہ آصف نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی گلیات کئی بار آ چکی ہیں، لیکن اس بار یہاں برف باری معمول سے کچھ زیادہ ہے۔

فوٹو کریڈٹ: شہریار انجم

انوشہ نے انکشاف کیا کہ سانحہ مری میں ان کی فیملی بھی پھنس گئی تھی، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ وہ بہ حفاظت گھر پہنچے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سیر و تفریح کو خیر باد کہہ دیں، سیر و تفریح صحت مند زندگی گزارنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

گلیات کے برفیلے پہاڑوں میں فیسٹول سے لطف اندوز ہونے کے لیے انوشہ کی پوری فیملی آئی ہوئی تھی، انھوں نے کہا ہم نے خوب انجوائے کیا، معمول سے زیادہ برف باری کی وجہ سے مری میں تشویش ناک صورت حال پیدا ہوگئی تھی، حکومت کو چاہیے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کرے۔

اسلام آباد سے آئے ایک اور خاتون سیاح سحر آصف نے بتایا کہ گلیات بہت خوب صورت مقام ہے، سانحہ مری کے بعد برف والے علاقوں کی سیر پر جانے سے ہمارا دل گھبرا رہا تھا، لیکن یہاں آ کر اب بہت اچھا لگ رہا ہے، راستے کھلے ہیں اور برف پر کھیل کے مقابلے بھی خوب انجوائے کیے۔

فوٹو کریڈٹ: شہریار انجم

گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان احسن حمید نے بتایا کہ سانحہ مری کے بعد یہ پہلا فیسٹول ہے، یہ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے لیکن اس بار اس کے انعقاد کا مقصد سیاحوں کا اعتماد بحال کرنا تھا۔

سیکریٹری ٹورزم عامر ترین نے بتایا کہ سانحہ مری افسوس ناک تھا، شدید برف باری کی وجہ سے راستے بند ہوگئے تھے، گلیات میں مری سے زیادہ برف باری ہوئی تھی لیکن انتظامیہ نے بر وقت ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کی وجہ سے گلیات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تین روزہ گلیات سنو فیسٹول شروع (شاندار تصاویر دیکھیں)

عامر ترین نے بتایا کہ سنو فیسٹول سے سیاحوں کو اعتماد بحال ہوگا، مستقبل میں ناخوش گوار واقعات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، گلیات میں برف ہٹانے کے لیے استعمال ہونے والی مشینری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی بھی اسنو فیسٹول میں شریک تھے، صوبائی وزیر نے سیاحوں کے ساتھ گیمز میں بھی حصہ لیا، اور نشانہ بازی میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا، انھوں نے کہا کہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے بہت امکانات موجود ہیں، اللہ تعالی نے ان علاقوں کو بہت خوب صورت بنایا ہے، اور دنیا بھر کے لوگ پاکستان کے سیاحتی مقامات کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں