وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی افراد کو اغوا کرنے والے گروہ کو گرفتار کر کے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق وفاقی پولیس نے غیر ملکی افراد کے اغوا میں ملوث گروہ کو گرفتار کرکے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے جب کہ اغوا کاروں سے ڈکیتی وارداتوں میں چھینا گیا مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی نے میڈیا کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے کارروائی میں 8 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان ملزمان نے خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے دو غیر ملکیوں کو اغوا کیا تھا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ کرپا، آبپارہ، کراچی کمپنی اور آئی ایریا میں مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے ملزمان سے 16 موبائل فون، 17 لیپ ٹاپ اور ایک لاکھ نقدی برآمد کی۔
اس کے علاوہ ملزمان کے قبضہ سے 4 ایس ایم جی گنز اور ایک پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔