جمعرات, اپریل 24, 2025
اشتہار

نو عمر لڑکیوں کے خطرناک گروہ کا ٹرین مسافروں پر حملہ

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : برطانیہ میں ٹرین مسافروں پر حملوں کے واقعات کے بعد پولیس حرکت میں آگئی، واردات میں نو عمر لڑکیوں کے گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانیہ میں پولیس نو عمر لڑکیوں کے ایک گروہ کی تلاش میں ہے جو مبینہ طور پر ٹرینوں میں بزرگ مرد و خواتین پر حملوں میں ملوث ہے۔

بزرگ مسافروں کے ساتھ یہ واقعات 18 مارچ کو ساؤتھ ایسٹرن ریلوے سروسز پر پیش آئے، جن میں ایک بڑی عمر کے مرد اور ایک خاتون کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

 Woolwich Arsenal

برٹش ٹرانسپورٹ پولیس (بی ٹی پی) نے ان حملوں کے بعد مشتبہ لڑکیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل شدہ تصاویر جاری کی ہیں جس میں ان کے چہرے بالکل واضح دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹرینوں میں ہراسانی کا پہلا واقعہ لندن برج سے وولِچ آرسنل جانے والی ایک ٹرین میں پیش آیا، جہاں تین لڑکیوں کے ایک گروہ نے ایک بزرگ مرد مسافر پر حملہ کیا۔

 three girls

اس کے بعد دوسرا واقعہ اس کے تقریباً ایک گھنٹے بعد رات 11 بجے کے قریب پیش آیا جب لندن برج سے ایرتھ جانے والی ایک اور ٹرین میں ایک بزرگ خاتون پر ایک لڑکی نے حملہ کیا۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک اور خاتون نے اس موقع پر مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس لڑکی نے غصے میں آکر اس پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی۔

group of three girls assaulted

اس سلسلے میں برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں کافی حد تک شک ہے کہ دونوں حملوں میں لڑکیوں کا ایک ہی گروہ ملوث ہے۔

پولیس کی جانب سے ان مشتبہ لڑکیوں کی شناخت کے لیے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ایک لڑکی نے کالے رنگ کا کوٹ پہنا ہوا ہے، جس کے اندر گلابی رنگ کی شرٹ ہے اور کوٹ کی ٹوپی پر فَر لگا ہوا ہے۔

دوسری لڑکی نے ایک کالی جیکٹ زیب تن کر رکھی ہے جس کے دائیں آستین پر سرخ رنگ کا لوگو ہے، ساتھ میں سرمئی رنگ کی پتلون اور سیاہ جوتے ہیں جبکہ تیسری لڑکی نے کالے رنگ کی جیکٹ کے نیچے سرمئی رنگ کا ٹریک سوٹ پہنا ہوا ہے۔

بی ٹی پی کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ ان تصاویر میں موجود لڑکیوں کو پہچانتے ہیں تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں